اہم خبریں

clean-5

Featured

Islam

Iqtibasaat

History

Photos

Entertainment

Misc

Technology

Travel

اُردو _ اقوام متحدہ کی _سرکاری زبان

 


یہ امر’’ اردو دنیا‘‘ کے تمام باشندوں کے لیے باعث صدمسرت واطمینان ہے کہ سال ۲۰۲۱ء کی آمد کے موقع پر اقوام متحدہ کے معتمدعمومی [Secretary General] کا خصوصی پیغام اردو ترجمے کے ساتھ، اقوام متحدہ پاکستان دفتر کے زیراہتمام ذرایع ابلاغ سے جاری کیا گیا۔

اس معاملے میں نہایت دل چسپ نکتہ یہ ہے کہ دنیا کی بڑی زبانوں میں شامل ہونے کے باوجود، اردو، نامعلوم وجوہ سے آج تک اقوام متحدہ کی سرکاری زبانوں میں شامل نہیں ہوسکی، مگر اس پیغام کے اردو ترجمے کے ساتھ آن لائن شایع ہونے سے ہمیں یہ خوش فہمی ہوگئی ہے کہ اب وہ دن دور نہیں جب یہ منفرد زبان، اقوام متحدہ کی ساتویں سرکاری زبان بنے گی۔

اس سے قبل اقوام متحدہ کی سرکاری زبانوں میں انگریزی، فرینچ، ہِسپانوی، روسی، عربی اور چینی شامل تھیں۔ بعض سرکردہ شخصیات اردو/ہندی اور ترکی زبان میں بھی خطاب کرچکی ہیں، مگر ابھی اُن کی سرکاری حیثیت تسلیم نہیں کی گئی۔ بفضلہ تعالیٰ خاکسار نے اپنے کالم زباں فہمی نمبر چھتیس، مطبوعہ روزنامہ ایکسپریس (جمعۃ المبارک، ستائیس ذی الحجہ چودہ سو سینتیس ہجری مطابق تیس ستمبر دو ہزار سولہ) میں اردو کو اقوام متحدہ کی سرکاری زبان بنانے کی تحریک اپنے طور پر شروع کی۔

اسی سلسلے میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط لکھا اور کازز ڈاٹ کام [www.causes.com] میں اس بابت آواز بلند کی۔ ملاحظہ فرمائیے میرا پرانا کالم جو روزنامہ ایکسپریس کی پرانی ویب سائٹ اور میری فیس بک کی زینت بنا:

{زباں فہمی نمبر چھتیس، اردو۔ یکے از زبان ہائے اقوام متحدہ تحریر: سہیل احمد صدیقی

راقم کو یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ اگر قومیں کسی زبان کی بنیاد پر بنتی ہیں تو شاید اردوگو، دنیا کی وہ واحد قوم ہے جو اپنی زبان بطورشناخت استعمال کرنے سے شرماتی ہے۔ یہ خاکسار پہلے بھی اپنی تحریروتقریر میں یہ بات بہ بانگ دُہل (ڈنکے کی چوٹ پر=ڈھول کی تھاپ پر، یعنی کھُل کر، سب کے سامنے) کہتا آیا ہے کہ ہماری شناخت کے تین ستون ہیں: اسلام ، پاکستان اور اردو۔ جب فقط اردو بولنے والوں کی بات ہوگی تو بلاامتیاز مذہب و نسل ، اردوگو برادری کی بات ہوگی کہ یہ ہماری اقوام عالم میںپہچان ہے۔ اب گزشتہ سترہ سال سے یہ بے کار بحث ہر مقام پر سنائی دے رہی ہے کہ پاکستان کی بنیاد دوقومی نظریہ تھا یا لادینیت کا فروغ تو یہ نکتہ بھی بعض بقراط اٹھارہے ہیں کہ اردو کا کوئی کردار اس تحریک میں سرے سے تھا بھی یا نہیں جو بالآخر قیام پاکستان پر منتج ہوا۔

مستزاد یہ کہ چونکہ اردو کسی بھی قوم کی زبان نہیں تھی ، لہٰذا قائداعظم محمد علی جناح سے بہت بڑی چُوک یا غلطی ہوئی کہ اردو کو قومی زبان قرار دیا۔ اور کہنے والے تو ایک قدم آگے بڑھ کر یہ بھی کہتے ہیں کہ اس بیان نے ہی پاکستان کی شکست و ریخت (سقوط مشرقی پاکستان) کی بِناء ڈالی تھی۔ ایسا کہنے اور لکھنے والے سرے سے تاریخ سے ہی واقف نہیں……میں تو انہیں یہاں تک چیلنج دیتا ہوں کہ سب چھوڑیں، اپنے نام کے معانی بتا کر، اس کے حوالے سے دومنٹ کی تقریر کرکے دکھادیں۔ (بندہ بصد ادب عرض کرتا ہے کہ بات اگر اِدھر آئی تو مسکت، کافی و شافی جواب ملے گا)۔ یہاں رک کر ایک سوال ایسے خودساختہ دانش وروں سے کرنا چاہتا ہوں: اگر اردو کو قومی وسرکاری زبان بنانا غلط اور پاکستان میں بسنے والی اقوام میں کسی قسم کے تعصب کا باعث ہے تو پھر رابطے کی دوسری کونسی زبان ہے جو اردو کی جگہ لے سکے؟

اردو کو دنیا کی بڑی زبانوں سے، خصوصاً انگریزی کے مقابل، کم تر سمجھنے والے، یہ نہیں جانتے کہ انگریزی دنیا کی سب سے بڑی زبان نہیں۔ اگر اہل زبان (Native speakers)کی تعداد کی بنیاد پر دیکھا جائے تو سب سے زیادہ مینڈرین /چینی (Mandarin/Chinese) بولی جاتی ہے، کم وبیش ایک اعشاریہ دو بلین افراد یہ زبان بولتے ہیں۔ تو کیا معترضین محض اس بِناء پر اردو چھوڑ کر چینی سیکھیں گے کہ یہی دنیا میں سب سے زیادہ رائج ہے؟

ویسے اگر زیادہ تعداد میں بولنے والوں کی زبان ہی اپنانی ہے تو جدید تحقیق کی رُو سے فرینچ سیکھنا زیادہ مفید ہوگا کیوں کہ سن دو ہزار پچاس تک یہ دنیا کی سب سے بڑی زبان بن جائے گی اور اس کے بولنے والوں کی تعداد ساڑھے سات سو ملین ہوگی۔

http://www.dailymail.co.uk/news/article-3367012/C-est-impossible

-French-course-world-s-commonly-spoken-language-2050.html

ہسپانوی (Spanish) بولنے والوں کی تعداد چار سو ملین سے زائد ہے گویا وہ دنیا کی دوسری بڑی زبان ہے۔ تیسرے درجے پر فائز ہے آپ کی ’فادری‘ زبان انگریزی جس کے اہل زبان کی تعداد (بہ اختلاف رائے) تین سو پچاس ملین سے زائد ہے، نیز بطور رابطہ ۔یا۔دوسری زبان انگریزی بولنے والوں کی تعداد نصف بلین کے لگ بھگ ہے۔ چوتھے درجے پر براجمان ہے اردو، جسے ہندوستان کے زیراثر، اکثر مآخذ میں ہندی لکھا جاتا ہے۔ اردو/ہندی بولنے والوں کی تعداد تین سو چھہتر ملین (ہندی کے نام سے تین سو دس، اردو کے نام سے چھیاسٹھ) ہے۔

میرا نظریہ ہے کہ موجودہ ہندی، اردو کا ہی دوسرا روپ ہے جسے دیوناگری رسم الخط اور سنسکرت (یا وضع کیے ہوئے، بعض جدید ہندی) الفاظ کی بدولت الگ زبان قرار دینا درست نہیں۔ میرے اس نظریے کی تائید کوئی اور کرے نا کرے، نامور نقاد ڈاکٹر شمس الرحمٰن فاروقی بہت پہلے ہی کرچکے ہیں۔

راقمِ حروف ناواقفین کی اطلاع کے لیے عرض کرتا ہے کہ اگر بہ ظاہر ہندی کی سات شاخوں میں شامل بھوج پوری کو جداگانہ زبان کی بجائے اردو کی بولی تصور کیا جائے (جو تاریخی اعتبار سے اصحح یعنی زیادہ درست ہے) تو اردو بولنے والوں کی تعداد میں چالیس ملین سے زائد کا اضافہ ہوجائے گا۔ (دیگر شاخوں بشمول ہریانوی، برج، اَوَدھی، بندھیلی، بگھیلی اور قنوجی کا معاملہ بھی مماثل ہے۔ اگر ان کے اعدادوشمار بھی بعدازبحث وتمحیص شامل کریں تو سوچیں کیا عجب اردو دنیا کی سب سے بڑی زبان ہی ثابت ہو)۔

[.http://www.infoplease.com/ipa/A0775272.html, https://www.babbel.com/en/magazine/the-

10-most-spoken-languages-in-the-world,

https://en.wikipedia.org/wiki/List_of_

languages_by_number_of_native_speakers]

بھوج پوری کا نام دیکھ کر چونکنے والوں کے لیے یہ فقرے پیش کرتا ہوں (انٹرنیٹ سے ہی منقول) اور پھر سوال کرتا ہوں کہ آیا یہ اردو کی قدیم بولی نہیں؟ :

توہار (تمہارا) ناؤ/نام کا (کیا) ہے؟

ہیاں/ایہاں/ہِینے/ایہار آؤ (یہاں آؤ)

تو کا (کیا) کرت (کرتے) ہو؟

اُو مَرَد جات (جاتا) آ/ہا/با (ہے)

ہم ٹھیک ہئیں (ہیں)/بانی

[https://en.wikipedia.org/wiki/Bhojpuri_language]

مانچسٹر یونی ورسٹی کے استاد جناب شیراز علی نے اورینٹل کالج، شعبہ اردو، جامعہ پنجاب میں ’برطانیہ میں اردو کا مستقبل‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اردو تمام مشکلات سے قطع نظر، برطانیہ میں بولی جانے والی چوتھی بڑی زبان ہے (بحوالہ اردوپوائنٹ، مؤرخہ تئیس اپریل دوہزار سولہ)۔ }اردو کے معترضین کے لیے خاکسار کا مضمون ’خود بدلتے نہیں، اردوکو بدلنا چاہیں‘ مطبوعہ روزنامہ ایکسپریس، مؤرخہ تیس ستمبر سن دو ہزار گیارہ بر موقع عالمی اردوکانفرینس کا مطالعہ بہت مفید ہے۔

ایکسپریس کی ویب سائٹ پر یا میری فیس بک کے نوٹس میں ملاحظہ فرمائیں{۔ راقم یہ استفسار تمام اربا ب ِ حلّ و عَقد سے کرنا چاہتا ہے کہ جب اقوام متحدہ کے اجلاس میں ہندوستان کی وزیرخارجہ سشما سوراج صاحبہ نے (باوجودیکہ ہندی اقوام متحدہ کی سرکاری زبانوں میں شامل نہیں) ہندی میں خطاب کیا تو کیا وجہ ہے کہ ہمارے وزیراعظم اور مستقل مندوب اردو میں تقریر نہ کرسکیں؟

اردو کی بے مثل خوبیوں کے پیش نظر میری استدعا ہے کہ اسے ناصرف پاکستان کی سرکاری و قومی زبان کی حیثیت سے نافذ کیا جائے، سارک [SAARC]کی نمایندہ زبان قراردیا جائے بلکہ اقوام متحدہ کی سرکاری زبانوں میں بھی شامل کیا جائے۔ تمام محبان ِ اردو زبان سے گزارش ہے کہ اس ضمن میں، خاکسار کی مہم میں دامے ، درمے، قدمے، سخنے حصہ لے کر اسے کامیابی سے ہم کنار کریں}۔

اب آئیے گزشتہ سے پیوستہ بات آگے بڑھاتے ہیں۔ اگر معاملہ اعدادوشمار کی بحث سے ہی جُڑا ہوا ہے تو یہاں ہم دو نکات پیش کرنا ضروری سمجھتے ہیں۔ پہلی بات تو یہ کہ دنیا بھر میں مَردُم شماری کے اعدادوشمار، مختلف وجوہ سے، دیگر ذرایع سے غلط ثابت ہوتے رہے ہیں اور کسی بھی ملک کی آبادی کے پندرہ یا پچیس سال پرانے اعدادوشمار، ہرگز قابل اعتبار نہیں۔ اس کے باوجود ابھی ابھی جب اس موضوع پر آن لائن تحقیق ازسرِنو کرنے کی سعی کی تو معلوم ہوا کہ وِکی پیڈیا کے اعدادوشمار قدرے مختلف ہیں۔

چینی یعنی Mandarin زبان کی شاخوں کے فرق سے، اسے بطور مادری زبان بولنے والوں کے اعدادوشمار کچھ اس طرح درج کیے گئے ہیں: معیاری چینی: ایک اعشاریہ ایک دو بلین [1.120 billion]، یوئی چینی (بشمول کانتونیCantonese/): پچاسی ملین[85 million]، وُو۔چینی [Wu Chinese] بشمول شنگھائیوی [Shanghainese]: بیاسی ملین [82 million]، مِن نان چینی [Min Nan Chinese] بشمول Hokkien: اننچاس ملین[49 million]، جِن یُو چینی[Jinyu Chinese]: سینتالیس ملین[47 million]۔ اب ذرا شُمارندہ [Calculator] کی مدد سے اِن اعدادوشمارکو جمع کریں تو جواب آئے گا: 264.12 ملین یعنی اتنے افراد فقط چینی زبان بولتے ہیں۔

مادری زبان سب سے زیادہ بولنے والے افراد کی فہرست میں دوسرے درجے پر فائز ہے ہِسپانوی[Spanish]زبان جسے بولنے والوں کی تعداد، وکی پیڈیا کے اعدادوشمار کے مطابق، پانچ سو اَڑتیس ملین[538 million] ہے (عین ممکن ہے کہ اصل تعداد کم وبیش چھے ملین سے بھی متجاوز ہو)، 463 million افراد کی مادری زبان بھی یہی ہے۔ تیسرے درجے پر براجمان ہے، ہم سب کی ’’پسندیدہ‘‘ انگریزی زبان جس کے بولنے والوں کی تعداد ایک اعشاریہ دو چھے آٹھ بلین [1.268 billion]۔ اس میں تین سو ستر ملین[370 million] کی مادری زبان انگریزی ہے۔ چوتھے درجے پر فائز ہے ہندی جسے بطور مادری زبان تین سو بیالیس ملین ] [342 millionافراد بولتے ہیں، کُل تعداد ہے: چھے سو سینتیس ملین[637 million]۔

اب اردو کے اعدادوشمار نقل کرکے ہم اس پیاری زبان کے درست اعداد کی بات کریں گے۔ وکی کے بیان کے مطابق اردو بولنے والوں کی تعداد ایک سو اکہتر ملین[171 million] بشمول اُنہتر ملین[171 million] مادری زبان بولنے والے۔ یہاں اسی بنیاد پر اردو کو بیسواں درجہ ملا، جو ابھی کے ابھی اس خاکسار کے ہاتھوں غلط ثابت ہوجائے گا۔ بھوج پوری بولنے والوں کی تعداد، باون ملین[52 million] درج کی گئی ہے، حالانکہ مادری زبان کے طور پر بولنے والوں کی تعداد ہی باون اعشاریہ دو ملین ہے اور بطور رابطے کی زبان اسے اپنانے والوں کی تعداد، اعشاریہ ایک چھے صفر ملین [0.160 million] بیان کی گئی ہے، لہٰذا بھوج پوری بولنے والوں کی تعداد 52.36 ملین ہوئی۔

اب ذرا جگر تھام کے بیٹھیں کہ اردو کی دیگر بولیوں کی باری بھی آتی ہے۔ ہریانوی درحقیقت وہی کھڑی بولی ہے جسے اردو کے مآخذ کے طور پر سب سے زیادہ ماہرین لسانیات تسلیم کرتے ہیں۔ سن انیس سوچورانوے کے ایک جائزے کے مطابق ، ہندوستانی ریاست (صوبے) ہریانہ کے 13,000,000 افراد یہی بولی۔یا۔ زبان بولتے ہیں۔ پورے ہندوستان اور پوری دنیا میں کتنے؟ یہ ابھی تحقیق طلب ہے۔ ایک اور قدیم وزندہ بولی، برج یا برج بھاشا بولنے والوں کی تعداد، 2011ء کی مردم شماری کے مطابق1,600,000 ہے۔

اَوَدھی بھی اردو کی قدیم وزندہ بولی ہے جسے بولنے والوں کی تعداد، اڑتیس ملین [38 million] بتائی جاتی ہے۔ بندھیلی بولی کے اعدادوشمار آن لائن دستیاب نہیں۔ بگھیلی بولی (بطور مادری زبان) بولنے والوں کی تعدادآٹھ اعشاریہ دوملین[ 8.2 million] درج کی گئی ہے، جبکہ 9.5 million افراد کی مادری زبان، قَنوجی ہے جو اردو کی بولی ہے۔ (2001ء کے اعدادوشمار کے مطابق)۔ اب ان تمام اعدادوشمار کو جمع کریں تو جواب آئے گا632.96 ملین یعنی اتنی بڑی تعداد، اردو ہی بولتی ہے۔ اردو میں خطاب کے ضمن میں جنرل محمد ضیاء الحق (مرحوم)، شاہ محمودقریشی (وزیر خارجہ) اور ایک لحاظ سے ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی کا نام بھی شامل ہے ، کیونکہ وہ جس زبان میں خطاب کرچکے ہیں، وہ رسم الخط اور مخصوص ذخیرہ الفاظ کے فرق کے باوجود، اردو ہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو ہم ایسے ہیچ مدآں کا مشورہ صائب لگتا تو وہ اپنی کشمیر والی مشہورِزمانہ تقریر اردو میں کرتے، مگر خیر ……اب اگلی باری پر، دیکھیں کون آتا ہے اور یہ کام کون کرتا ہے۔

راقم کا خیال ہے کہ یا تو موصوف اپنے سرکاری ونجی ٹوئیٹر پر اَزخود نظر شاذ ہی ڈالتے ہیں یا یہ کام بھی دیگر کے ذمے ہے۔ اسی پر بس نہیں، موجودہ حکومت میں صدر، وزیراعظم، گورنر، وزرائے اعلیٰ ، وفاقی وصوبائی وزراء اور مشیران کے پاس اتنا وقت نہیں کہ کسی کتاب کا ہدیہ وصول کرکے، اپنے ماتحت عملے کے ذریعے اِس کی رسید مُرسل کو ارسال کرسکیں۔ اس ضمن میں سابق گورنر سندھ میاں محمد سومرو کا ذکر ِ خیر ایک بار پھر بطور قندِمکرر کرنا چاہتا ہوں، جنھوں نے ایک تقریب میں خاکسار کے ہاتھوں ہدیہ کتب وصول کرنے کے بعد، اپنے سرکاری لیٹر ہیڈ پر Typed مکتوب میں شکریہ ادا کرتے ہوئے، اپنے قلم سے لکھا تھا: My dear Siddiqui saheb۔ دوسری مثال سابق آمرمطلق جنرل (ر) پرویز مشرف کی ہے جنھوں نے ایسے ہدیے کی وصولی کی رسید اپنے ماتحت افسر کے ذریعے ارسال کی۔

{بات خارج از موضوع ہے، مگر دُہرائے بغیر چارہ نہیں کہ عموماً اخبارات کے خصوصی ضمیموں میں مقتدر شخصیات کے نام سے کسی خاص موقع پر کوئی نہ کوئی پیغام شامل اشاعت ہوتا ہے جسے لکھنے والا، درحقیقت کسی تشہیری ادارے کا ملازم، Creative Copywriter ہوتا ہے جسے اردو میں اس خاکسار نے کچھ عرصہ قبل، ’’اختراع نگار‘‘ کا نام دیا ہے۔ جنرل (ر) پرویز مشرف نے ایسے ہی ایک موقع پر اس راقم (ایک تشہیری ادارے میں ملازم ) کے ہاتھ کے لکھے ہوئے ایک رسمی پیغام برائے اشاعت (دَرضمیمہ اخبارات) بزبان انگریزی میں اَزخود، دل چسپی لیتے ہوئے، کچھ ترامیم لکھواکر، اپنے معتمد(Secretary)کے توسط سے بھیجیں جنھیں راقم نے حسب منشاء شامل کرکے منظوری حاصل کی اور پھر یہ پیغام اخبارات کے ضمیمے میں جنرل صاحب کے نام سے شایع ہوا۔ بعض دیگر مواقع پر، سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم اور سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے نجی طور پر دل چسپی لینے کی بابت بھی اسی کالم میں ماقبل ذکر کرچکا ہوں۔

جس کا جتنا کام اچھا ہو اور قابل تقلید ولائق تحسین ہو، نقل کرنے میں ہرگز کوئی حرج نہیں!}۔ سال دو ہزار اکیس کے آغاز پر موجودہ سیکریٹری جنرل کا پیغام چھَے سرکاری زبانوں کے علاوہ، اردو میں جاری کرکے گویا یک طرفہ طور پر یہ مطالبہ تسلیم کرلیا گیا ہے، گو ایسا براہ راست صدردفتر کی بجائے پاکستان میں موجود مقامی دفتر کی جانب سے کیا گیا ہے۔ اردو دنیا میں کوئی تنظیم بھی اس مدعا میں دل چسپی نہیں لے رہی، ماسوائے پاکستان قومی زبان تحریک کے۔ {خاکسار مختلف شعبہ جات میں عملی تجربے اور مہارت کے حصول کے باوصف، یہ بات کہنے میں عار محسوس نہیں کرتا کہ ہمارے یہاں ہر جگہ نیم خواندہ، کم خواندہ، غیرمہذب اور درحقیقت جاہل افراد کا راج ہے، جن کی اکثریت کے پاس اسناد کے نام پر کچھ کاغذات تو ہیں، مگر اُنھیں اپنے ہی شعبے کی مبادیات کا پتا نہیں۔

یہاں لفظ جاہل بہت سوچ سمجھ کر استعمال کیا گیا ہے۔ ہر وہ شخص جاہل ہے جو اپنی کم علمی یا لاعلمی پر شرمسار ہونے اور اس کا اعتراف کرکے، سیکھنے کی بجائے اپنی خودساختہ عظمت کے مؤقف پر سختی سے قایم رہے، ڈٹ جائے اور یہ کہے کہ ہم چو منے دیگرے نیست۔ ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ اکمل الکاملین (یعنی کاملوں کے کاملThe Perfect of all the Perfects=) نبی کریم (ﷺ)، تمام انبیاء و رُسُل (علیہم السلام) اور اَولیائے کرام (رحمہم اللہ) تمام انسانوں سے ہر لحاظ سے بلند و بالا، افضل واعلیٰ ہوتے ہوئے بھی ، کسی بھی مسئلے میں سوال سے گریز نہیں کرتے تھے۔ وہ اپنی شان کے خلاف نہیں سمجھتے تھے کہ کبھی کوئی بات کسی سے بھی پوچھ لیں۔ مشہور ترین واقعہ ہے کہ غزوہ احزاب میں حضوراکرم (ﷺ) نے سیدنا سلمان فارسی (رضی اللہ عنہ) کے مشورے پر خندق کھُدوائی، حالانکہ وہ کسی کے مشورے کے پابند نہ تھے}۔

 

اسمارٹ فون کے لیے گوگل سرچ انجن ڈیزائن میں بنیادی تبدیلیاں

 

 


گوگل کی ایک عادت ہے کہ وہ کسی تشہیر کے بغیر اپنے یوزر انٹرفیس اور ڈیزائن کو تبدیل کرتا رہتا ہے۔ لیکن اب اسے نے فون پر اپنے سرچ انجن کو ایک نیا ڈیزائن دیا ہے جسے اس نے ’ببلیئر، باؤنسیئراور گوگلیئر‘ کہا ہے۔

اس نئے انٹرفیس کو جلد ہی ریلیز کیا جائے گا لیکن بعض صارفین کو اس کی جانچ کی سہولت دی گئی ہے۔ گوگل کےتجزیہ کاروں کے مطابق اس کا نیا ڈیزائن دیکھنے میں بہت اچھا ہے۔

گوگل نے فون سرچ انجن کا انداز پانچ سال بعد بدلا ہے جس میں ہر سیکشن کے درمیان فاصلوں کو کم کیا گیا ہے اور نتائج بھی کم کئے گئے ہیں۔ اس طرح گوگل ڈیزائنر نے جگہ کی کمی بیشی کو کام میں لاتے ہوئے اسے نگاہوں کےلیے مزید قابلِ قبول بنایا ہے۔ کئی جگہوں پر فونٹ کو گوگل ہی کے ایک دوسرے فونٹ سےبدلا گیا ہے۔

پھر سرچ انجن کی ٹیب کو پڑھنے کےلئے آسان بنایا گیا ہے اور سرچ بار کا شیڈو بڑھایا گیا ہے۔ نالج پینل میں ٹٰبس کو جدید انداز کے بٹنوں سے تبدیل کردیا گیا ہے اور اس میں آؤٹ لائن اور ٹٰیکسٹ کو ایک کنٹراسٹ میں پیش کیا گیا ہے۔ اسکرولنگ کی سمت بتانے کے لیے تصویر کے کنارے کو گول کیا گیا ہے۔

رزلٹ پیج کا ٹائٹل بڑھایا گیا ہے تاکہ دیکھنے میں نمایاں نظرآئے۔ جبکہ سجیسشن کو سادے ٹیکسٹ کی بجائے نیلگوں رنگ کے بٹنوں میں بیان کیا گیا ہے۔ گوگل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ فون سرچنگ کو ’گوگل ذدہ‘ کرنا چاہتے ہیں۔ اب بات ہوجائے بلبل اور باؤنس کی تو سرچ بار میں گوگل کے الفاظ کو گول کیا گیا ہے جس سے دیکھنے میں بہت خوبصورت دکھائی دیتا ہے۔ اسے ڈیزائننگ کرنے والوں ماہرین نے بھی سراہا ہے۔

 

 

پاکستان اورجنوبی افریقا کے مابین کراچی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل

 پاکستان اورجنوبی افریقا کے مابین کراچی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔

ترجمان ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے مطابق کراچی پولیس نے جنوبی افریقی کر کٹ ٹیم کے دورہ پاکستان اورنیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 26 جنوری 2021 سے کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کوحتمی شکل دے دی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی،ایئر پورٹ،روٹ،پریکٹس گراؤنڈز،ہوٹلز اور دیگر مقاما ت پرکراچی پولیس کے 5000 اہلکار بشمول ایس ایس یوکے 1050کمانڈوز اور سیکیورٹی ڈویژن کے1500اہلکارٹریفک پولیس، ریپڈرسپانس فورس،اسپیشل برانچ اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اسپیشلائزڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان صورتحال کی نگرانی کرنے کے لئے نیشنل اسٹیڈیم پر موجود ہو گی۔ ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈایمرجنسی سروسزڈویژن مقصوداحمد کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی انتظامات کو بہتربنانے کے لیے اسٹیڈیم اورروٹس کے ملحقہ علاقوں میں ماہر نشانہ باز کوتعینات کیا گیا ہے جب کہ فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ کمانڈنٹ ایس ایس یو ڈاکٹر فرخ علی نے کہا کہ اعلیٰ تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوزپر مشتمل اسپیشل ویپن اینڈٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم اسٹیڈیم کے اندراورباہر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تعینات کی جائے گی عوام کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو برقراررکھنے کے لیے فقط مرکزی شاہراہ کو میچ ٹائمنگ کے دوران بند کیا جائے گا۔

 

’آن لائن‘ لیکچر دینا ہر ایک کے بس کا روگ نہیں

کچھ دشواریوں کے باوجود یہ کلاسیں بہتر بھی ثابت ہوئیں

کیا کبھی ہم نے یہ سوچا ہے کہ انسان اپنی زندگی کے حوالے سے کیا  کچھ سوچتا ہے، لیکن اس کے  لاکھ سوچنے کے باوجود بھی ویسا نہیں ہوتا۔ دنیا میں پھیلنے والے اس چھوٹے سے وائرس نے پوری دنیا کا نظام درہم برہم کر کے رکھ دیا تھا۔

انسانی جان کے نقصان کے ساتھ ساتھ  کاروبار، معیشت اور پڑھائی کا بھی ناقابل تلافی حرج  ہوا۔ ملک میں بے روزگاری بھی بڑھتی جا رہی ہے اور ہزاروں لوگ اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس عالمی وبا کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان طلبہ کا ہوا ہے۔ اب 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلنے کی امید ہے، دیکھیے کیا ہوتا ہے، فی الحال تو تعلیمی نظام آن لائن  جاری ہے۔ ایسے کئی پلیٹ فارمز اور ایپس متعارف کروائی گئیں، جن کی وجہ سے کلاسیں لینا آسان ہو گئی ہیں۔

آن لائن کلاسوں کی وجہ سے تمام طلبا بہ یک وقت ایک ساتھ کلاس لے سکتے  ہیں۔ اس طرح اساتذہ ایک وقت میں بہت سارے طلباء کی توجہ حاصل کر سکتے ہیں۔ میلوں دور بیٹھ کے بھی سب ایک ’ایپ‘ سے جڑے ہوئے ہیں۔ اگر غور کیا جائے، تو آن لائن کلاس لینے کا فیصلہ بہت سے لوگوں کے حق میں بہتر ثابت ہوا کیوں کہ اس طرح سے کسی طلبہ کا وقت ضائع نہیں ہوا، لیکن آن لائن  پڑھانے اور سیکھنے میں کافی دشواریاں پیش آئی ہیں۔

جہاں اس کے فائدے ہیں، وہیں اس کے نقصانات اور مشکلات بھی ہیں۔ سب سے زیادہ پریشانی مجھے اس بات سے ہوئی کہ میرے کافی اساتذہ نے یونیورسٹی کے ’دفتری اوقات‘ پر عمل نہیں کیا اور اکثر اپنی مرضی کے اوقات پر کلاسیں منعقد کیں۔ اس صورت میں کافی دفعہ دوسری کلاسوں کے اوقات آپس میں ٹکرا جاتے اور ہمیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا۔ کئی دفعہ تو سات گھنٹوں تک لگا تار کلاسیں رکھ دی جاتی تھیں۔ جس کے باعث طلبا پورا دن کمپیوٹر اسکرین کے سامنے بیٹھے رہتے۔

آن لائن کلاس لینے میں جو سب سے بڑی مشکل درپیش ہوتی ہے، وہ انٹرنیٹ کی ہے۔ بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ عین کلاس کے وقت ہی ایسی مشکل آن کھڑی ہوتی ہے اور ہم کلاس نہیں لے پاتے۔ کبھی کبھار تو لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے بھی کلاسز لینے میں دقّت ہوتی ہے۔

نہ صرف طلبا، بلکہ اساتذہ کو بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اوّل تو یہ کہ ’آن لائن لیکچر‘ دینا ہر ایک کے بس کی بات نہیں ہوتی۔ ایسے کئی اساتذہ ہوتے ہیں، جو کلاس روم لرننگ  پر یقین رکھتے ہیں اور طلبا تک اپنی بات کو صحیح طریقے سے نہیں پہنچا پاتے۔ دوسرا یہ کہ  لیکچر کے دوران انہیں یہ نہیں معلوم ہوتا کہ اگر کسی کو بات سمجھ آئی ہو یا نہیں کیوں کہ زیادہ تر کلاسوں میں آڈیو لیکچر دیا جاتا ہے۔

تیسرا یہ کہ جو اساتذہ پریکٹیکل طریقوں سے اپنی بات سمجھانے کے عادی ہوتے ہیں، ’آن لائن‘ لیکچر دینا ان کے لیے بھی مشکل ہو جاتا ہے۔ ایک یہ بھی بات  ہے کہ آن لائن امتحانات لینے میں بھی دقّت ہوتی ہے کیوں کہ اساتذہ کو یہ نہیں معلوم ہوتا کہ کون کس طریقے سے امتحان دے رہا  ہے۔ وہ صحیح طرح سے طلبا پر نگرانی نہیں کر پاتے اور سوالات کے سمجھانے میں بھی مشکل پیش آتی ہے۔ اب امید ہے کہ بہت جلد ہم روایتی طریقے سے کلاس روم میں بیٹھ کر لیکچر سے استفادہ کر سکیں گے۔

 

بھارتی سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے سیارہ زہرہ کی فضاؤں میں زندگی سے تعلق رکھنے والا ایک اہم سالمہ


’’گلائسین‘‘ دریافت کرلیا ہے۔

یہ سادہ ترین امائنو ایسڈ ہے جو زمینی جانداروں کے تیار کردہ پروٹینز میں عام موجود ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیارہ زہرہ پر گلائسین کی دریافت کو زندگی کا ایک اور اہم ثبوت قرار دیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ قدرتی طور پر تقریباً 500 امائنو ایسڈز پائے جاتے ہیں مگر ان میں سے صرف 20 ایسے ہیں جو ڈی این اے میں موجود ہدایات (جینیٹک کوڈونز) پر عمل کے نتیجے میں بنتے ہیں۔ گلائسین بھی انہی میں سے ایک ہے۔

بھارتی ماہرین کا یہ تحقیقی مقالہ ’’آرکائیو ڈاٹ آرگ‘‘ (ArXiv.org) کی پری پرنٹ ویب سائٹ پر شائع ہوا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ ابھی تک اس دعوے کو دیگر ماہرین نے درست ہونے کی باقاعدہ سند نہیں دی ہے۔

گزشتہ ماہ سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے سیارہ زہرہ کی فضاؤں میں زندگی سے تعلق رکھنے والی ایک اہم گیس ’’فاسفین‘‘ کی موجودگی کا انکشاف کیا تھا جس کے بعد زمین کے علاوہ کسی اور سیارے پر زندگی کے وجود سے متعلق بحث ایک بار پھر تازہ ہوگئی۔

تاہم بعض ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ زہرہ کی فضاؤں میں فاسفین گیس ممکنہ طور پر وہاں کے آتش فشانوں سے خارج ہوئی ہوگی، لیکن یہ بھی صرف ایک امکان ہے جس کی تصدیق یا تردید ہونا ابھی باقی ہے۔

اسی تسلسل میں مدناپور سٹی کالج، مغربی بنگال کے اریجیت منّا اور منگل ہزرا، اور انڈین سینٹر فار اسپیس فزکس، کولکتہ کے سبیاساچی پال نے اپنی مشترکہ تحقیق میں کہا ہے کہ یہ دریافت انہوں نے سیارہ زہرہ کے طیفی مطالعات (اسپیکٹرل اسٹڈیز) کی بنیاد پر کی ہے۔

ان کی تحقیق کے مطابق، سیارہ زہرہ کے خطِ استوا (ایکویٹر) کے قریبی گلائسین کی موجودگی سب سے نمایاں ہے جبکہ قطبین (پولز) پر یہ امائنو ایسڈ بالکل موجود نہیں۔

یاد رہے کہ سیارہ زہرہ کی سطح کا درجہ حرارت سیکڑوں ڈگری سینٹی گریڈ رہتا ہے، لہٰذا وہاں تو زندگی کا کوئی امکان نہیں۔ لیکن زہرہ کی سطح سے 48 تا 60 کلومیٹر بلندی پر گھنے بادلوں کا درجہ حرارت منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ سے 93 ڈگری سینٹی گریڈ تک نوٹ کیا گیا ہے جو زندگی کے وجود میں آنے اور ارتقاء پذیر ہونے کےلیے خاصا مناسب درجہ حرارت بھی ہے۔

اپنے ریسرچ پیپر میں بھارتی سائنسدانوں نے سیارہ زہرہ پر زندگی کی موجودگی کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے شاید اس سیارے پر زندگی کا ارتقاء اُس ابتدائی مرحلے پر ہے جہاں یہ زمین پر آج سے چار ارب سال پہلے تھا۔

اگرچہ یہ دعویٰ بہت جاندار ہے لیکن اسے تب تک قابلِ بھروسہ نہیں سمجھا جاسکتا کہ جب تک دیگر ماہرین بھی اس کا تنقیدی جائزہ لے کر اسے درست قرار نہ دے دیں۔

ایشیا کپ بھارتی لالچ کی بھینٹ چڑھنے لگا تاہم پاکستان راہ میں حائل ہو گیا۔


آئی پی ایل کیلیے قربانی کا بکرا نہیں بننے دینا، بورڈکا اصولی فیصلہ،کسی
ایک ملک کے مفاد میں ایسا قبول نہیں، سی ای او
بھارتی کرکٹ بورڈ کیلیے بھاری آمدنی کا ذریعہ پریمیئر لیگ کا انعقاد مارچ میں ہونا تھا، کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال میں اسے غیر معینہ مدت کیلیے ملتوی کر دیا گیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی دسمبر میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ کو ملتوی کرواکے اسی ونڈو کو آئی پی ایل کیلیے استعمال کرنے کی خواہش رکھتا ہے، یوں بھارتی لیگ کیلیے ایشیائی کرکٹرز کی بڑی تعداد بھی میسر ہوجائے گی لیکن پاکستان نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے ایشیا کپ کو قربانی کا بکرا بنانے سے انکار کر دیا ہے۔ایک غیرملکی خبررساں ایجنسی کو انٹرویو میں پی سی پی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہاکہ ایشیا کپ ستمبر میں شیڈول ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے صحت اور سلامتی کے مسائل نہ ہوئے تو اسے ملتوی کرکے نومبر، دسمبر میں کرانے کی کوئی وجہ نہیں ہوسکتی،ہم کبھی یہ بات قبول نہیں کریں گے کہ آئی پی ایل کا انعقاد ممکن بنانے کیلیے ایشیائی ایونٹ کو ملتوی کردیا جائے، کسی ایک ملک کیلیے پہلے سے طے شدہ ٹورنامنٹ کا شیڈول متاثر کرنا درست نہیں، اسے قطعی طور پر ہماری سپورٹ حاصل نہیں ہوگی۔انھوں نے کہا کہ نومبر، دسمبر میں پاکستان کو زمبابوے کی میزبانی کرنا اور نیوزی لینڈ کے دورے پر جانا ہے، اس لیے ایشیا کپ کا التوا پلاننگ کا حصہ نہیں بن سکتا۔وسیم خان نے کہا کہ جمعرات کو آئی سی سی چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی کی میٹنگ میں بی سی سی آئی کی جانب سے ایشیا کپ کے التوا اور آئی پی ایل کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی،بہرحال ہمارا موقف واضح ہے کہ اس معاملے
میں کسی مصلحت سے کام نہیں لیں گے۔
ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ رواں سال اکتوبر، نومبر میں ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بند دروازوں کے پیچھے بھی کرایا جاسکتا ہے،اگر میگا ایونٹ نہیں ہوتا تو ہر رکن ملک کو 15 سے 20 ملین ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑ سکتا ہے، حتمی فیصلہ آئی سی سی اور آسٹریلوی کرکٹ بورڈ حکومتوں کی ہدایات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کرینگے، ہم بند دروازوں کے پیچھے کرکٹ کیخلاف نہیں ہیں لیکن اس میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت کو کوئی خطرات لاحق نہیں ہونا چاہئیں، اگر ہم تمام تر ضروریات احتیاطی تدابیر اختیار کرکے میچز کرا سکتے ہیں توٹھیک ہے۔انھوں نے کہا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کیلیے یہ سب سے مشکل وقت ہے کیونکہ اسے رواں برس ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور پاکستان کی میزبانی کرنا ہے، اگر وہ یہ میچز نہ کرا سکے تو بہت زیادہ مالی نقصان کا سامنا ہو گا۔وسیم خان نے کہا کہ گرین شرٹس کے آئرلینڈ اور انگلینڈ میں شیڈول میچز بغیر شائقین کے کھیلنے کی تجویز کو خارج از امکان نہیں کہا جا سکتا لیکن اس میں خطرات بھی لاحق ہیں، ٹیم کے سفر اور ہوٹلز میں قیام جیسے اہم پہلوؤں کے بارے میں بھی سوچنا پڑے گا، ہمیں اپنے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت کی حفاظت سب سے زیادہ عزیز ہے، اگر آئرلینڈ اور انگلینڈ کے کرکٹ بورڈز بند اسٹیڈیمز میں کھیلنے کی بات کرتے ہیں تو پی سی بی تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لے گا۔



عہد حاضر کی سب سے بڑی دفاعی دیوار


چین میں عہد حاضر کی سب سے بڑی دفاعی دیوار کی تعمیر محض ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں مکمل ہوئی۔ اس دیوار کی تعمیر کو یقینی بنانے میں گیارہ کروڑ سے زائد رضا کاروں نے کلیدی کردار ادا کیا۔
یہ تعداد خیبر پختونخواہ، سندھ اور بلوچستان کی مجموعی آبادی سے بھی زیادہ بنتی ہے۔ دیوار چین سے بھی لمبی اس دیوار نے نہ صرف چین کے طول عرض میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا بلکہ عالمی برادری کو بھی وائرس کے خلاف تیاری کے لیے قیمتی وقت فراہم کیا۔چین کے شہر ووہان میں گذشتہ سال کے آخری ہفتے میں چند افراد میں نوول کورونا وائرس کی تصدیق نے چینی حکومت اور عالمی ادارہ صحت کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ اس وائرس کی ساخت، اس کے خاندان، اس کے شکار افراد میں ظاہر ہونے والی علامات، اس کے تباہ کن اثرات اور اس کے پھیلاؤ کے طریقۂ کار سمیت بہت سے دیگر موضوعات کے بارے میں آپ نے بہت کچھ سن، دیکھ اور پڑھ رکھا ہوگا۔ ہم بات کریں گے کہ اس وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے ابتدائی دفاعی دیوار کیسے تعمیر ہوئی اور اس دیوار نے کتنے عرصے تک دنیا کو اس وائرس کے تباہ کن اثرات سے محفوظ رکھا۔چین میں دسمبر کے آخری ہفتے سے لے کر چھبیس جنوری تک کورونا وائرس نمونیا کے صرف دو ہزار مریض تھے۔ اگلے دس دنوں میں مریضوں کی تعداد 25 ہزار ہوگئی اور پھر آنے والے دنوں میں یہ تعداد بڑھتی چلی گئی اور لوگ تیزی سے مرنے لگے۔ تادم تحریر بھی اس وائرس کی کوئی ویکسین موجود نہیں ہے اور اس کی وجہ سے دنیا بھر میں نئے کیسز اور اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ لہٰذا جنوری میں چینی حکومت نے اس وائرس کے سامنے دفاعی دیوار تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا۔
وائرس کے سامنے دفاعی دیوار کی تعمیر
چینی حکومت اور طبی ماہرین وائرس کے مطالعے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ یہ ایک نہایت خطرناک وائرس ہے اور ایک شخص سے دوسری شخص میں نہایت تیزی کے ساتھ منتقل ہوتا ہے۔ لہٰذا اس کے پھیلاؤ کو روکنے کا واحد ممکن طریقہ اس کو محدود کرنا ہے۔لہٰذا فوری طور پر ووہان کا مکمل اور چین کا جزوی لاک ڈاؤن کر دیا گیا ووہان شہر اور صوبے ہوبے سے کوئی شخص، کوئی گاڑی، کوئی ٹرین یا کوئی بھی ہوائی جہاز باہر نہیں جا سکتا تھا۔ مجبوراً ووہان آنے والوں کو بھی ووہان سے واپس جانے کی اجازت نہ تھی۔
تئیس جنوری کو ووہان کے انسداد وبا کے کمانڈ سینٹر نے نوٹس نمبر 1 جاری کیا جس کے مطابق صبح دس بجے سے ووہان سے ہوائی اور ریلوے سفر کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا۔ اسی روز وزارت ٹرانسپورٹ نے فوری طور پر مطلع کیا کہ ملک بھر سے ووہان جانے والی سڑکوں اور آبی گزرگاہوں سے مسافروں کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔ووہان کے لاک ڈاؤن کو کچھ حلقوں کی طرف سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا اور اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے تعبیر کیا گیا، لیکن چین کا موقف تھا کہ پہلا حق انسانی جان کی حفاظت اور تحفظ ہے۔ اس کے ساتھ پورے چین میں جزوی لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔ یہ ایک نہایت مشکل اور حیران کن کام تھا لیکن ہم اپنی آنکھوں سے اسے ممکن بنتا دیکھ رہے تھے۔چین بھر میں تمام رہائشی آبادیوں میں جانے والے داخلی راستے بند کردیے گئے۔ صرف ایک یا دو راستے کھلے رکھے گئے۔ ہر راستے پر پانچ سے دس تک رضاکاروں نے ذمہ داریاں سنبھال لیں، آبادی میں آنے والے ہر شخص کا درجۂ حرارت چیک کیا جانے لگا۔ آبادی میں داخل ہونے والوں کا مکمل ڈیٹا، گذشتہ ایک ماہ کے دوران ان کے جانب سے اختیار کئے جانے والے سفر کی تفصیلات، ان کو لاحق امراض سمیت تمام ڈیٹا گھنٹوں کی بنیاد پر مرتب کیا جانے لگا۔یہ ڈیٹا مختلف تحقیقی اداروں کے ساتھ شیئر کردیا جاتا جہاں سائنسی بنیادوں پر اس کا تجزیہ کیا گیا اور پھر ہم نے مختلف شہروں میں پوری پوری آبادی کو قرنطینہ سینٹر بنتے دیکھا گیا۔ وائرس کے مشکوک شکار افراد کی نقل و حمل کو محدود بنا دیا گیا۔ یہ ایک ایسی دفاعی دیوار تھی، جس نے اس وائرس کے تیزرفتار پھیلاؤ کو فوری طور پر روک دیا۔
وائرس کا راستہ کیسے رکا؟
چین میں رضا کارانہ سرگرمیاں سال کے مختلف حصوں جاری رہتی ہیں۔ چین میں تیرہویں پنج سالہ منصوبے (2016-2020) میں طے شدہ ہدف کے مطابق رضارکاروں کی تعداد ملک کی کُل آبادی کا تیرہ فی صد ہوں گی۔ یہاں رجسٹرڈ رضا کاروں کی تعداد کروڑوں میں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کا فیصلہ ہوا تو چین کے پاس ناممکن کو ممکن بنانے والے یہ زبردست عزم کے حامل لوگ موجود تھے۔یہ ایک وقت کا کھانا گھر سے کھا کر آتے تھے اور دوسرے وقت کا کھانا گھر جاکر کھاتے تھے۔ یہ بارش، سردی، رات اور دن کی پروا کیے بغیر اپنے محاذ پر ڈٹ گئے۔ یہ اپنی نیند کرسیوں پر کچھ دیر اونگھ پر پوری کر لیا کرتے تھے۔ یہ مشکوک لوگوں کو شناخت کرتے اور فوری طور پر ایمبولینس طلب کرلیتے۔ یوں محض چند روز میں چین بھر سے کورونا وائرس کے تمام مشکوک لوگ شناخت ہوکر قرنطینہ میں منتقل کر دیے گئے، وائرس پھر بھی پھیلتا رہا لیکن اس کی جو رفتار جنوری کے آخری ہفتے اور فروری میں تھی مارچ کا مہینہ شروع ہوتے ہی تیزی سے نیچے گرنے لگی۔اگلے مرحلے میں ان لوگوں نے گھر گھر جاکر لوگوں کا درجۂ حرارت چیک کیا اور یوں محض دو سے تین روز میں ان کے پاس کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں، ان کے قریبی دوستوں، رشتوں داروں حتیٰ کے جن سے وہ ملے تھے ان کا بھی ڈیٹا موجود تھا۔ یہ ایک بڑی کام یابی تھی جسے ان رضاکاروں نے ممکن بنایا۔
زندگی کا پہیہ رواں دواں
چین کے اکثر حصوں میں وبا کے بدترین دنوں میں بھی زندگی کا پہیہ رواں دواں رہا۔ اس میں بھی ان رضاکاروں نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ یہ بسوں اور سب ویز میں داخل ہونے والوں کا درجۂ حرارت چیک کرتے، ماسک پہننے کو یقینی بناتے اور ان کے ہاتھوں پر سینی ٹائزر لگاتے اور انہیں سواری میں بیٹھنے کی اجازت دے دیتے۔یہ بڑے بڑے شاپنگ مال سے لے کر چھوٹے سے جنرل اسٹور کے باہر بھی لوگوں کا درجۂ حرارت چیک کرتے، لوگوں کو اس حوالے آگاہی فراہم کرتے رہے۔ چھوٹے دکان داروں کو کہا گیا کہ وہ اپنے پاس آنے والے ہر گاہک کا درجۂ حرارت خود چیک کریں اور اس کا اندراج ایک فارم پر کریں۔ اس کے بعد گاہکوں کے درمیان مناسب فاصلے کو یقینی بنانا بھی دکان دار کی ذمہ داری قرار پایا۔ یوں نہ تو اشیائے ضروریہ کی قلت پید ا ہوئی نہ ہی قیمتیں بڑھیں۔
تفریحی مقامات، شاپنگ مالز اور فیکٹریوں میں
آبادیوں اور کمیونٹیز کو مکمل محفوظ بنانے کے بعد سب سے اہم کام پارکوں، شاپنگ مالز اور فیکٹریوں میں معمولات کی بحالی تھی۔ اس کام میں بھی چین کی ریاستی مشینری کے ساتھ ساتھ رضاکاروں کی ایک بڑی تعداد نے اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے نہ صرف پارکوں کے داخلی دروازوں پر ذمے داری سنبھالی پارک میں داخلے کے وقت بھی درجۂ حرارت کی چیکنگ کو یقینی بنایا گیا، بلکہ پارکوں کے اندر تمام جھولوں اور ورزش کی مشینوں کے گرد حفاظتی باڑ لگا دی گئی۔ اس دوران حکومت بھی اپنے انتظامات کو موثر بناتی چلی گئی۔ عام تھرمامیٹرز کی جگہ تھرمل اسکینر آگئے۔ عوامی مقامات، بسوں اور سب ویز میں سپرے کیے گئے۔ مرحلہ وار فیکٹریوں میں کام شروع کردیا گیا۔
آنے والے وقت کی تیاری
پانچ مارچ کو چینی نوجوان رضا کاروں کا دن منایا جاتا ہے۔ چینی صدر مملکت شی چن پھنگ نے چینی کمیونسٹ پارٹی کی اٹھارھویں کانگریس کے بعد مختلف مواقع پر اس امید کا اظہار کیا کہ تمام رضا کار، فلاحی تنظیمیں اور اس شعبے سے وابستہ افراد نئے عہد کے تقاضوں کے مطابق اپنا کردار ادا کریں گے۔چین میں زیادہ سے زیادہ افراد بطور رضاکار اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق اس وقت تک چین میں رضاکار تنظیموں کی تعداد پانچ لاکھ اسی ہزار سے زائد ہے جب کہ رجسٹرڈ رضاکاروں کی تعداد گیارہ کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔
اس وقت چین کے مختلف علاقوں میں کورونا وائرس نمونیا کی وبا کے خلاف جدوجہد کے دوران ہر جگہ رضاکار نظر آر ہے ہیں۔ وہ طبی عملے کے ساتھ مریضوں کی مدد کررہے ہیں، امدادی سامان کی منتقلی اور تقسیم میں مصروف ہیں یا رہائشی کمیونٹی میں عام شہریوں کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی کرتے نظر آتے ہیں۔ یہ چین کے صدر شی جن پھنگ کی بے مثال قیادت، چینی کمیونسٹ پارٹی کی راہ نمائی اور چینی قوم کے عزم کی وجہ سے ہی ممکن ہوا کہ چین میں معمولات زندگی 98 فی صد سے زائد بحال ہوچکے ہیں۔ ووہان میں لاک ڈاؤن ختم ہو چکا ہے۔پاکستان میں اس وقت بھی وائرس کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے۔ یقیناً حکومت کی جانب سے مثبت اقدامات اختیار کیے گئے ہیں۔ ریاستی انتظامیہ تن تنہا اس وائرس کا راستہ نہیں روک سکتی، لوگوں کو ضروریات زندگی فراہم نہیں کرسکتی۔ ہماری معیشت اس وبا کے مالی دباؤ کا سامنا کرنے سے بھی قاصر ہے۔ ہمیں چین کے کامیاب تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے معمولات زندگی کی بحالی کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔